Live Updates

ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کرنامخلوط و اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے،نوابزادہ امیرحمزہ زہری

بدھ 18 جون 2025 23:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے صوبائی وزیر بورڈ آف ریونیو میر عاصم کرد گیلو کی ملاقات، ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کو صوبے کی ترقی کا سنگ میل قرار دیا گیا، تفصیلات کے مطابق جھالاوان ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے ملاقات کی۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال سمیت آئندہ مالی سال 2025 کے بجٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے بجٹ -26-2025 کو سراہتے ہوئے اسے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے اس موقع پر کہا کہ ''بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا گیا ہے، جو مخلوط اور اتحادی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی اسکیموں کو ترجیح دی ہے، جنہیں بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ میر عاصم کرد گیلو نے بھی بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز بلوچستان کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے کی پسماندگی کے خاتمے اور عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات