آن لائن رائیڈ سروس ’’کریم ‘‘کا 18جولائی سے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کا اعلان

کریم کو پاکستان میں 2015میں متعارف کرایا گیا تھا ،کیئر سینٹرز ستمبر 2025تک فعال رہیں گے ‘ سی ای او

بدھ 18 جون 2025 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)آن لائن رائیڈ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی کریم نے آئندہ ماہ 18جولائی سے پاکستان میں اپنی سفری سہولیات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کریم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنی لنکڈن پوسٹ میں پاکستان میں سفری سہولیات بند کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے پاکستان میں کریم کی سروس بند کرنے کے فیصلے کو مشکل ترین قرار دیا، ساتھ ہی بتایا کہ ملک کے خراب معاشی حالات کی وجہ سے ایسا کرنا پڑا۔

کمپنی کے سی ای او نے کریم کو پاکستان میں مشکلات کا اعتراف بھی کیا اور بتایا کہ آئندہ ماہ 18جولائی سے کریم ٹیکسی کی آن لائن سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔علاوہ ازیں کریم نے اپنے صارفین کو ای میل کے ذریعے بھی 18جولائی سے سروس دستیاب نہ ہونے سے آگاہ کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بقایا جات کیسے لے سکیں گی ۔

(جاری ہے)

آن لائن ٹیکسی سروسز بند کیے جانے کے باوجود کریم کے کیئر سینٹرز ستمبر 2025تک فعال رہیں گے تاکہ کسٹمرز اور رائیڈرز اپنے مسائل اور معاملات حل کر سکیں۔

کمپنی کے مطابق آئندہ دنوں میں کریم صارفین کو ان کے والٹ میں موجود بقایا رقم کو استعمال کرنے یا واپس لینے سے متعلق معلومات فراہم کردی جائے گی۔کریم کو چند سال قبل امریکی آن لائن رائیڈ فراہم کرنے والی کمپنی اوبر نے خرید لیا تھا۔دونوں کمپنیوں کے ایک ہوجانے کے بعد اوبر نے پاکستان میں اپنی سروسز بند کردی تھیں، اوبر نے 2022میں پاکستان میں تمام سروسز بند کردی تھیں۔اوبر کے بعد اب کریم نے بھی اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد دوسری رائیڈ کمپنیوں جیسا کہ یانگو، ان ڈرائیو اور بائیکیا کی سروسز استعمال کرنے میں مزید اضافہ ہوگا۔کریم کو پاکستان میں 2015میں متعارف کرایا گیا تھا اور کمپنی نے ایک دہائی بعد اپنی سروسز پاکستان میں بند کرنے کا اعلان کیا۔