اسد قیصر سے بزرگ صحافی الحاج ولی محمد کی سربراہی میں صوابی پریس کلب کے وفد کی ملاقات، مسائل سے آگاہ کیا

بدھ 18 جون 2025 20:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ساتھ سینئر اور بزرگ صحافی الحاج ولی محمد کی سربراہی میں صوابی پریس کلب رجسٹرڈ کے اراکین کے وفد نے ان کی رہائش گاہ واقع سپیکر ہاس مرغز میں ملاقات کی۔اس موقع پر صحافیوں نے سابق اسپیکر اسدقیصر کو صوابی پریس کلب کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا، صحافیوں نے صوابی پریس کلب کیلیے سرکاری بلڈنگ اور گرانٹ کا مسئلہ بھی اسدقیصر کے سامنے رکھا، جس پر سابق اسپیکراسدقیصر نے صحافیوں کو یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد صوابی میں جدید تقاضوں اور سہولیات سے ہم آہنگ صوابی پریس کلب کی سرکاری بلڈنگ ہوگی اور پریس کلب کیلئے گرانٹ بھی جلد منظور کردی جائے گی۔

ملاقات کے آخر میں صوابی پریس کلب کی طرف سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کو شیلڈ دی گئی۔

(جاری ہے)

وفد میں جنرل سیکرٹری مقدم خان،جائنٹ سیکرٹری سیدعارف شاہ،فنانس سیکرٹری محمداقبال،نائب صدر ایوب خان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمدعادل اور ممبران سینئر صحافی محمدشعیب،ابرار حسین اور انیس انجم شامل تھے، دریں اثنا سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور رکنِ قومی اسمبلی شہرام خان ترکئی نے چیف پیسکو سے ملاقات کی جس میں صوابی میں جاری ناروا لوڈ شیڈنگ اور فورس لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انہیں آگاہ کیا گیا کہ کسی بھی صورت میں فورس لوڈ شیڈنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ملاقات میں یوسفزئی فیڈر کی bifurcation سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسد قیصر نے صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں شروع ہونے والے 220 کے وی اے گریڈ اسٹیشن کو 2026 تک مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اجلاس میں نئے ٹرانسفارمرز اور ایمرجنسی ٹرانسفارمرز کی فراہمی کے حوالے سے بھی چیف پیسکو کو ہدایات دی گئیں۔باجا گریڈ اسٹیشن سے متعلق بھی تفصیلی بات چیت ہوئی اور اس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہدایات دی گئیں۔