پنجاب یونیورسٹی میں عالمی اولمپک ڈے کی مناسبت سے سائیکلنگ و سکیٹنگ ریلی

بدھ 18 جون 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) پنجاب یونیورسٹی شعبہ سپورٹس کے زیر اہتمام عالمی اولمپک ڈے کی مناسبت سے وائس چانسلر آفس تا سپورٹس جمنیزیم سائیکلنگ و سکیٹنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر شبیر سرور، سیکرٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن معظم خان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے احمر ملک، اساتذہ، طلبا طالبات اور بچوں نے بھرپورشرکت کی۔

ریلی میں وی سی ڈاکٹر محمد علی نے سائیکل چلا کر حصہ لیاجبکہ سپورٹس جمنیزیم میں بچوں نے سکیٹگ شوز پہن کر کرتب دکھائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نے کہا کہ سکیٹنگ میں بچوں کی پرفارمنس بہت متاثر کن رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کافروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا سکرین ٹائم سب سے ذیادہ ہے۔

انہو ں نے کہا کہ بچوں کو خاص طور پر کھیلوں میں مصروف رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی و جسمانی صحت کے لئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لینے والے بچے عملی زندگی میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل انسان کو نظم و ضبط سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ادویات کی امپورٹ کا بل 4بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دینے سے بیماریوں میں کمی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس سائیکلنگ کیلئے بہت اچھی جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کو فروغ دے کر ماحول کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر محمد شبیر سرور نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔