ْپاک قطر فیملی تکافل کی جانب سے لائلٹی ریوارڈ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 19 جون 2025 04:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء) پاک قطر فیملی تکافل لمیٹڈ نے اپنے ہیڈ آفس کراچی میں ’’لائلٹی ریوارڈ اسکیم‘‘کے تحت ایک قرعہ اندازی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد اپنے وفادار شرکا کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔ اس تقریب میں کمپنی کی اعلی قیادت نے شرکت کی، جن میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن کامران سلیم، سی ای او وقاص احمد، اور انتظامیہ کے دیگر اراکین شامل تھے۔

قرعہ اندازی کے ذریعے ملک بھر سے شرکا کو منتخب کیا گیا، جن میں سب سے بڑا انعام عمرہ ٹکٹ تھا، جبکہ دیگر انعامات میں اسمارٹ فونز، اسمارٹ واچز اور خصوصی گفٹ ہیمپرز شامل تھے۔ کمپنی کے مطابق یہ انعامات ان شرکا کی مسلسل وفاداری اور اعتماد کے اعتراف کے طور پر دیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او وقاص احمد نے کہا کہ ہم پاک قطر میں اپنے شرکا کو محض ممبران نہیں بلکہ ایک وسیع تر خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔

یہ انعامات ہماری اس وابستگی کی علامت ہیں کہ ہم ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑے ہیں اور ان کی قدردانی کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک قطر فیملی تکافل شرکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے صرف مالی خدمات ہی نہیں بلکہ اسلامی اصولوں کو اپنی مارکیٹنگ اور کمیونیکیشن سرگرمیوں میں بھی شامل کرتا ہے۔قرعہ اندازی کے تمام کامیاب شرکا کی مکمل فہرست کمپنی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کر دی گئی ہے۔

پاک قطر فیملی تکافل، پاک قطر گروپ کا حصہ ہے اور پاکستان کی پہلی اور صفِ اول کی اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی ہے۔ یہ ادارہ شریعت کے مطابق تحفظ اور بچت کی جامع سہولیات فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کو پنشن فنڈ مینجمنٹ میں PACRA کی جانب سے "AM2" اور PACRA و VIS کی جانب سے "A++" ریٹنگ حاصل ہے۔