سوات ،مون سون بارشوں سے نمٹنے ،پیشگی حفاظتی اقدامات پر غور کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس

تمام ادارے الرٹ رہیں ،کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں،اربن فلڈنگ سے بچائو کے لیے نالوں ،سیوریج لائنوں کی صفائی یقینی بنائی جائے، شہزاد محبوب

جمعرات 19 جون 2025 04:15

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)سوات میں مون سون 2025 کے حوالے سے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات پر غور کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی، جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس)، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز(ویڈیو لنک کے ذریعی)، محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، ریسکیو 1122، ڈبلیو ایس ایس سی، ٹی ایم اے، لوکل گورنمنٹ، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ایریگیشن، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر شامل تھے۔

اجلاس میں مون سون بارشوں سے قبل حفاظتی اقدامات، ندی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی، واٹر چینلز کی بہتری، سرکاری مشینری کی دستیابی، ہنگامی طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، اور ممکنہ بیماریوں کی روک تھام کے لیے طبی کیمپس کے قیام جیسے اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شہزاد محبوب نے تمام اداروں کو ہدایت دی کہ وہ الرٹ رہیں اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ سے بچائو کے لیے تمام نالوں اور سیوریج لائنوں کی فوری صفائی یقینی بنائی جائے، جبکہ ریسکیو 1122، ٹی ایم اے، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بلدیاتی ادارے اپنی مشینری اور ٹیمیں تیار رکھیں۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ندی نالوں اور دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ شدید بارشوں کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کی صورت میں عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلع سوات میں ایک ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں سے تمام تر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔