کوہاٹ ، جنازے کو گھر لے جاتے مخالفین کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت تین افراد جاں بحق، 18 زخمی

واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جب متاثرہ خاندان میت لے کر جا رہا تھا تو راستے میں مخالفین نے اچانک فائرنگ کر دی، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 19 جون 2025 11:28

کوہاٹ ، جنازے کو گھر لے جاتے مخالفین کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت تین افراد ..
کوہاٹ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جون 2025)خیبرپختونخواہ کے ضلع کوہاٹ میں جنازے کو گھر لے جاتے مخالفین کی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، زخمیوں و لاشوں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیاگیا، افسوسناک واقعہ کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں پیش آیا جب جنازے کو گھر لے جایا جارہا تھا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ جب متاثرہ خاندان میت لے کر جا رہا تھا تو راستے میں مخالفین نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد بھی زخمی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بلوچستان کے شہر مستونگ کے علاقے سنگر میں فائرنگ کے واقعے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق 2زخمی ہو گئے۔لیویز حکام کے مطابق مستونگ میں سنگر کے علاقے سوگز ریلوے پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق  اور دو زخمی ہو گئے۔ لیویز حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ فوری معلوم نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں گھر میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ذاتی دشمنی کے باعث دو فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے خاتون سمیت 2 افراد کو حراست میں لیا گیا اور موقع سے30 بور پستول برآمد ہوا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق کرائم سین یونٹ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے تھے۔ قبل ازیں بھی سوات اور کوہاٹ میں فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔سوات کے علاقے قلاگے میں گھریلو جھگڑے پر دیور نے فائرنگ کرکے بھابھی کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ کوہاٹ میں جنگل خیل چار باغ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔