لاہور میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں، 30 جون تک مکمل فعال ہونے کا امکان،ترجمان واسا

جمعرات 19 جون 2025 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر لاہور میں بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے لیے زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور منصوبے اب تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ترجمان واسا کے مطابق ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے پنجاب اسمبلی کے قریب زیر تعمیر واٹر ٹینک اور وارث روڈ پر جاری منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہیں ڈائریکٹر پراجیکٹ سہیل سندھو اور ڈائریکٹر ابوبکر عمران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے مقام پر زیر زمین واٹر ٹینک کا 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے 30 جون تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ اسی طرح وارث روڈ انڈر گرانڈ واٹر ٹینک، جو 17 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھتا ہے، اس کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور یہ منصوبہ بھی 30 جون تک آپریشنل کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ تمام ٹینکس مون سون سیزن سے قبل مکمل طور پر فعال ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ زیر زمین واٹر ٹینکس مون سون بارشوں کے دوران برساتی پانی کو ذخیرہ کر کے شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل کے مثر حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان منصوبوں سے شہریوں کو بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور سیوریج مسائل سے نجات ملے گی۔حکام کے مطابق یہ منصوبے نہ صرف نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے بلکہ لاہور کو ایک صاف، صحت مند اور ماحولیاتی طور پر محفوظ شہر بنانے کی طرف بھی ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔