وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک کی بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر روسی وزیر توانائی سے ملاقات، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

جمعرات 19 جون 2025 17:28

وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک  کی بین الاقوامی اقتصادی فورم   کے ..
سینٹ پیٹرزبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں جاری بین الاقوامی اقتصادی فورم 2025 کے موقع پر روسی وزیر توانائی اور پاک-روس بین الحکومتی کمیشن کے چیئرمین سرگئی تسویلیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، کان کنی اور عوامی رابطوں سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات میں روس کے وزیر توانائی نے ان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں رواں سال دوسری سہ ماہی میں بین الحکومتی کمیشن کے دسویں اجلاس کے موقع پر باقاعدہ معاہدوں اور عملی پیش رفت پر بات کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے روسی ادارے روسٹوم منرلز کے فرسٹ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے روسی ادارے کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، بالخصوص جدید ٹیکنالوجی، تحفظ کے اقدامات اور شعبے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اشتراک کی تجویز پیش کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف نے پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے اور تجاویز پیش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی جانب ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے، جو مستقبل قریب میں عملی معاہدوں کی صورت میں مزید مضبوطی اختیار کر سکتا ہے۔یہ فورم 18 سے 21 جون تک جاری رہے گا جس میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی حکومتی و تجارتی وفود شریک ہیں۔