مردان، محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے ضلع بھرمیں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کردی گئیں

جمعرات 19 جون 2025 18:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) محرم الحرام کے دوران ضلع مردان میں امن و امان کے قیام اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کیلئے ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی جانب سے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر مردان نے امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، نفرت انگیز آڈیو/ویڈیو مواد کی ترسیل،مذہبی منافرت پھیلانے والے بیانات، دیواروں پر چاکنگ (خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں پر)، مشکوک گاڑیوں اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کی آمد و رفت، پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، اشتعال انگیز تقاریر، اسلحہ کی نمائش، آتش بازی اور ہوائی فائرنگ، غیر متعلقہ افراد کا امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر قیام، باہر سے آنے والے افراد کی بغیر اجازت کی شرکت، اشتعال انگیز پمفلٹس، پوسٹرز کی تقسیم اور افغانی پناہ گزینوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ حکم نامہ یکم محرم الحرام 2025 سے محرم کے اختتام تک نافذ العمل رہے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر مردان نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور امن و بھائی چارے کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔