لسبیلہ یونیورسٹی اور چینی ادارے کے درمیان میرین سائنس میں تعاون کے معاہدے پر دستخط

معاہدے کے تحت پاکستانی طلبا کے لیے خصوصی اسکالرشپ پروگرام شامل ہوں گے

جمعرات 19 جون 2025 21:13

گوانگژو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (ایل یو اے ڈبلیو ایم ایس )کا ساوتھ چائنہ انسٹیٹیوٹ آف اوشیانولوجی(ایس سی ایس آئی او)، چائنیز اکیڈمی آف سائنسز(سی اے ایس)کے ساتھ میرین سائنس میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ۔ یہ معاہدہ گوانگژو میں ایل یو اے ڈبلیو ایم ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک اور ایس سی ایس آئی اوکے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر چاولن لی کے درمیان باضابطہ طور پر طے پایا۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق بلوچستان کے ممتاز میرین سائنس کے ادارے اور چین کے سرکردہ سمندری تحقیقاتی مرکز کے درمیان یہ حکمت عملی پر مبنی اتحاد بین الاقوامی سطح پر میرین سائنس کے شعبے میں تعاون کو فروغ دے گا۔ اس شراکت داری کے تحت مشترکہ تحقیقی منصوبے، فیکلٹی کے تبادلے، اور پاکستانی طلبا کے لیے خصوصی اسکالرشپ پروگرام شامل ہوں گے۔گوادر پرو کے مطابق یہ تعاون خاص طور پر ساحلی علاقوں کو درپیش سنگین ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے پر مرکوز ہے، اور بلوچستان کے 750 کلومیٹر طویل ساحلی خطے کو اس علم کی منتقلی سے خاطر خواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔