Live Updates

یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کے طلباء کے لئے تربیتی اجلاس

جمعرات 19 جون 2025 22:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان کی زیر صدارت یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز سوات کے طلباء کے لئے تربیتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈووکیٹ، ایم پی اے سلطان روم، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک توسیع و ریسرچ، وائس چانسلر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

یو وی اے ایس سوات کے وائس چانسلر نے صوبائی وزیر کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا، جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل (پی وی ایم سی) سے یونیورسٹی کی عدم رجسٹریشن کو اہم مسئلہ قرار دیا گیا۔ انہوں نے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کے شعبہ جات سے عملی تربیت اور علمی معاونت کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک ایکسٹینشن اور ریسرچ کو ہدایت دی کہ یو وی اے ایس سوات کو درج ذیل سہولیات مہیا کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ UVAS سوات کے طلبہ کی فیس یونیورسٹی آف سوات اور انجینئرنگ یونیورسٹی سوات کے نصف کے برابر رکھی جائے گی تاکہ تعلیم نوجوان نسل کے لیے قابل رسائی ہو۔ یہ اقدامات قائد عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور کے وژن کے مطابق نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ یو وی اے ایس سوات کے طلبہ کو عزیخیلہ فارم میں اینیمل ہسبنڈری کی تربیت اور محکمہ لائیو اسٹاک کے ہسپتالوں میں ویٹرنری میڈیسن و سرجری کی عملی مشقوں تک رسائی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سانی نسل کی بکریوں کے تحقیقی مرکز چار باغ سوات کو طلبہ کی عملی تربیت اور تحقیق کے لیے استعمال کی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ویٹرنری ریسرچ اینڈ ڈیزیز انویسٹی گیشن سینٹر کو بیماریوں کی تشخیص اور تحقیق کے عملی کام کے لیے استعمال کیا جائے گا اس موقع پر اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی خالی آسامیوں پر تقرریوں کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے وائس چانسلر کو ہدایت دی کہ فوری طور پر ضرورت کے تحت ابتدائی طور پر کنٹریکٹ پر تقرریاں عمل میں لائی جائیں اور جہاں ضروری ہو وہاں قابل اعتماد ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کر کے سکریننگ ٹیسٹ کروایا جائے دونوں ڈائریکٹر جنرلز نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یو وی اے ایس سوات کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پرجلد از جلد دستخط کئے جائیں تاکہ طلباء اور فیکلٹی کو تمام تر علمی و عملی معاونت فراہم کی جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات