پاکستان دہائیوں سے دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کے لیے پناہ گاہ بنا ہوا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 20 جون 2025 12:34

پاکستان دہائیوں سے دنیا بھر کے مظلوم   انسانوں کے لیے پناہ گاہ بنا ہوا ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان دہائیوں سے دنیا بھر کے مظلوم مجبور انسانوں کے لیے پناہ گاہ بنا ہوا ہے، خاص طور پر افغان مہاجرین کی کفالت میں ہماری قوم کا کردار قابلِ فخر اور دنیا کے لیے مثال ہے۔انہوں نے عالمی یوم پناہ گزین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گزینوں کے مسائل محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ انسانیت، ہمدردی اور عالمی ذمہ داری کا تقاضا ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجرین کی بحالی، تعلیم، صحت اور روزگار کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنائے اور میزبان ممالک کی مالی و اخلاقی معاونت کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا پیغام صرف یکجہتی نہیں، بلکہ عملی اقدامات ہیں جو پناہ گزینوں کو ایک محفوظ، باعزت اور خودمختار زندگی فراہم کر سکیں۔ تقریب میں مختلف سماجی تنظیموں، طلبا، اساتذہ، سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور پناہ گزینوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔