Live Updates

مزدور کی کم سے کم اجرت میں اضافہ کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، آغا رفیع اللہ

جمعہ 20 جون 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا ہے کہ مزدور کی کم سے کم اجرت میں اضافہ کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تحریک انصاف کی سابق حکومت نے اپنے دور میں ہر دفعہ آئی ایم ایف کے بجٹ پیش کئے اور ہر مرتبہ ان کا ایک نیا وزیر خزانہ ہوتا تھا، گرفتار بھارتی پائلٹ کی بھارت کو حوالگی کا فیصلہ پارلیمنٹ کا نہیں تحریک انصاف حکومت کی کابینہ کا فیصلہ تھا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2025-26ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن آغا رفیع اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے انہوں نے اپنے دور میں جتنے بھی بجٹ پیش کیے آئی ایم ایف کے بجٹ تھے اور ہر دفعہ ایک نیا وزیر خزانہ ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کا یہ کہنا درست نہیں کہ بھارتی گرفتار پائلٹ کو پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت واپس کیا گیا یہ پارلیمنٹ کا نہیں ان کی کابینہ کا فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ کم سے کم اجرت میں اضافہ کیا جائے اس سے بہت سے لوگوں کا بھلا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کیفیٹیریا میں بھی کام کرنے والوں کو 18سے 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، اگر ہم ان کو انصاف نہیں دلا سکتے تو عوام کو کیا انصاف دلائیں گے،ریٹائرڈ سرکاری ملازم کی بیوہ اور بیٹی کی پینشن پر قدغن نہ لگائی جائے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات