Live Updates

آزاد کشمیر کی تمام جامعات میں مالیاتی بحران کا خطرہ ہے، اسرار سعید قادری

تنخواہوں میں اضافے اور پنشن جیسے بنیادی مسائل ، اساتذہ اور ملازمین شدید پریشان آل آزاد کشمیر یونیورسٹی ایمپلائز فیڈریشن کا حکومت سے بجٹ میں مستقل فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ

جمعہ 20 جون 2025 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مورخہ 18 جون2025 ؁ء کو مالی سال 2025-26 ؁ء کا بجٹ پیش کیا گیا، جس میں بجٹ کا تخمینہ 310 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ آل آزاد کشمیر یونیورسٹی ایمپلائز فیڈریشن کے صدر اسرار سعید قادری نے کہا کہ گزشتہ سال آزاد کشمیر کی جامعات کی مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے مخصوص گرانٹ فراہم کی گئی تھی۔

لیکن نئے مالی سال میں آزاد کشمیر کی جامعات کے لیے کوئی فنڈ مختص نہیں کیئے گئے۔آزاد کشمیر کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی عمل، جو کہ اس سے قبل بھی مالیاتی بحران کی وجہ سے متاثر ہو چکا تھا، اب بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ یہ بحران مختلف ادوار میں نئی جامعات کے قیام کی وجہ سے پیدا ہوا اور اس کی ذمہ داری حکومت آزاد کشمیر پر عائد ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت آزاد کشمیر کی تمام جامعات، اساتذہ اور ملازمین تنخواہوں میں اضافے اور پنشن جیسے بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ ہے کہ ان جامعات کے لیے ہر سال بجٹ میں مستقل بنیادوں پر مناسب رقم مختص کی جائے، کیونکہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد پاکستان کے تمام صوبے اپنی تمام صوبائی جامعات کو اُن کی حکومتیں نارمل میزانیہ سے فنڈ فراہم کر رہی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کی جامعات کو وفاق یا حکومتِ آزاد کشمیر کی طرف سے کوئی فنڈز /گرانٹ فراہم نہیں کی جا رہی اور نہ ہی نارمل میزانیہ میں رکھتے ہوئے فنڈز کی اجرائیگی کی جا رہی ہے۔

اگر ان مالی مشکلات کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو آزاد کشمیر کی تمام جامعات مکمل طور پر مالی بحران کا شکار ہو سکتی ہیں، اور ممکن ہے کہ تعلیمی ادارے اپنی سرگرمیاں معطل کرنے پر مجبور ہو جائیں گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات