شیخوپورہ ،فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں متحرک

جمعہ 20 جون 2025 16:35

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف ، ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی پنجاب محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فیلڈ میں مکمل متحرک ہیں، ضلع بھر میں خوراک سے منسلک 107 کاروباروں کا معائنہ کیا گیا ، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر 3 لاکھ 12 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا۔

معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران 26 ہزار 80 لٹر دودھ کو چیک کیا گیا- مزید براں مضر صحت غیر معیاری اور ممنوع زائد المیعاد اشیاء خورد نوش جن میں 2.082کلو گرام زائد المیعاد اشیاء سمیت دیگر بیکری آئٹمز کو موقع پر تلف کیا گیا ۔

(جاری ہے)

1 فوڈ پوائنٹ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا اور متعدد فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے ۔

ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی مضر صحت اشیاء کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمیشہ کی طرح لوگوں کو صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے ۔\378