وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بلال خان کاکڑ کی کراچی میں جمہوریہ آسٹریا کے اعزازی قونصل خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت

ہفتہ 21 جون 2025 20:50

کوئٹہ /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ آف کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کراچی میں جمہوریہ آسٹریا کے اعزازی قونصل خانے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب آسٹریا کی سفیر برائے پاکستان، محترمہ آندریا وِک کی سربراہی میں منعقد ہوئی اور آسٹریا اور پاکستان کے درمیان 70 سالہ سفارتی تعلقات کی تقریبات کا اہم حصہ تھی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، سینیٹر دانش کمار اور مختلف سفارتی و تجارتی اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔ بلال خان کاکڑ نے اس اعزازی قونصل خانے کے قیام کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کی ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ قدم پاکستان اور آسٹریا کے درمیان باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولے گا خاص طور پر قابلِ تجدید توانائی، پائیدار زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلوچستان کی معاشی اہمیت اور اس کے جغرافیائی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آسٹریائی کاروباری ادارے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو دریافت کریں گے، جس کے لیے BBoIT مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور بلوچستان کو پاکستان کی عالمی معاشی حکمت عملی میں مرکزی کردار دلانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔