حیدرآباد میں شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیسکو کے خلاف احتجاج ، شاہراہ بند کرکے ٹائر نذر آتش کئے

ہفتہ 21 جون 2025 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) حیدرآباد میں شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیسکو کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ بند کر دی اور ٹائر نذر آتش کئے۔شاہ فیصل کالونی کچا قلعہ کے مکینوں نے گل سینٹر چوک پر احتجاج کیا اور رکاوٹیں کھڑی کر کے سڑک بند کر دی، مظاہرین نے پتھرا کیا اور ٹائر بھی نذر آتش کئے، خواتین بچے بھی شریک ہوئے، مظاہرین حیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا حیدرآباد اور گردونواح کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اسکے باوجود حیسکو نے عوام جینا دوبھر کردیا ہے ۔گذشتہ ایک ہفتے سے بجلی معطل ہے ٹرانسفارمر خراب ہے اور شکایت کرنے پر حیسکو عملہ مرمت کے نام پر رشوت طلب کررہا ہے جبکہ علاقے کے ایم این اے ۔

(جاری ہے)

ایم پی اے نے بھی چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔بجلی کی عدم فراہمی سے بچے بلبلا اٹھے ہیں جبکہ پینے کے پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی ہے انہوں وفاقی وزیر پانی و بجلی سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کی بھتہ خوری کا نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں لائٹ نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے، ایک طر گرمی کی شدت اور دوسری جانب بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت سے دوچار ہیں۔