بے نظیر ہنرمند پروگرام سے ملک کے نوجوانوں کو با اختیار، خود کفیل بنایا جائے ،صدر مملکت

ٓ پیپلز پارٹی کا وژن ہمیشہ عام آدمی کو با اختیار بنانا رہا ہے، یہی فلسفہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کی بنیاد ہے،ہم چاہتے ہیں ایک محنت کش کا بیٹا بھی ہنر سیکھ کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کی خدمت کرے، آصف علی زرداری &نرسنگ جیسے پیشوں کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے، اور اس پروگرام کے تحت خاص طور پر لڑکیوں کو ان شعبوں میں تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی معیار پر پورا اتر سکیں،ایوانِ صدر میں بے نظیر ہنرمند پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 جون 2025 22:30

' اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کے تحت ملک کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، ہنر اور بین الاقوامی سطح پر مطلوب مہارتیں سکھا کر انہیں با اختیار اور خود کفیل بنایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں بے نظیر ہنرمند پروگرام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت نئی نسل کو باوقار مستقبل دینے کے عزم کا اظہار کیا۔صدر زرداری نے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کمپیوٹر، جدید ٹیکنالوجی، جرمن اور چینی زبانوں سمیت دیگر عالمی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ نہ صرف ملک میں روزگار حاصل کر سکیں بلکہ بیرون ملک بھی باعزت زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نرسنگ جیسے پیشوں کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے، اور اس پروگرام کے تحت خاص طور پر لڑکیوں کو ان شعبوں میں تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی معیار پر پورا اتر سکیں۔صدر مملکت نے وزیر خزانہ نوید قمر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی کاوشوں سے بی آئی ایس پی کو مزید مؤثر اور جامع بنایا گیا ہے، جہاں بچوں اور بچیوں کی تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی کا وژن ہمیشہ عام آدمی کو با اختیار بنانا رہا ہے، اور یہی فلسفہ بے نظیر ہنرمند پروگرام کی بنیاد ہے۔ ’ہم چاہتے ہیں کہ ایک محنت کش کا بیٹا بھی ہنر سیکھ کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کی خدمت کرے۔‘صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اس وقت ممکن ہے جب عام شہری کو جدید تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کیے جائیں۔ ’ہم جدید ٹیکنالوجی کو عوام تک لے جانا چاہتے ہیں تاکہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کا حصہ بن سکیں۔‘تقریب کے اختتام پر صدر آصف علی زرداری نے اس امید کا اظہار کیا کہ بے نظیر ہنرمند پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کے لیے روشنی کی ایک نئی کرن ثابت ہوگا اور انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر عزت، وقار اور روزگار فراہم کریگا۔