انتظامیہ کی عدم توجہگی سے رائے ونڈ کے تمام قبرستان مسائل کا گڑھ بن گئے

بابا بہار شاہ قبرستان کی جنازگاہ خستہ حالی کا شکار ،زمین بوس ہونے کا خدشہ ،جرائم پیشہ عناصر ،آوارہ کتوں نے مسکن بنا لیا

اتوار 22 جون 2025 13:25

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)انتظامیہ کی عدم توجہگی سے رائے ونڈ کے تمام قبرستان مسائل کا گڑھ بن گئے ،بابا بہار شاہ قبرستان کی جنازگاہ خستہ حالی کا شکار ہو گئی ،قبرستان میں جگہ کم پڑنے پر سٹرکوں پر جنازوں کی ادائیگی ہونے لگی ،جرائم پیشہ عناصر اور آوارہ کتوں نے قبرستان کو اپنا مسکن بنا لیا ،اہل علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر کے تمام قبرستانوں کے مسائل عرصہ 40سال سے حل نہیں ہو سکے ،مانگا روڈ پر واقع قدیمی قبرستان بابا بہار شاہ میں وضو گاہ ،واش رومز ،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ہیں جبکہ سٹریٹ لائٹس کی عدم دستیابی سے جرائم پیشہ عناصر رات کو قبرستان میں ڈیرے جمالیتے ہیں ،مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے ،شہرکے قدیمی قبرستان کی چار دیواری اور سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے قبرستان جرائم پیشہ عناصر اور آوارہ کتوں کا مسکن بن گیا ہے ،کتے لاشیں نوچتے ہیں،جناز گاہ کی حالت انتہائی خستہ حال ہے ،خدشہ ہے کہ کہیں جناز گاہ کی عمارت زمین بوس نہ ہوجائے ،شہری اپنے پیاروں کی نماز جنازہ سڑکوں پر ادا کرنے پر مجبور ہیں ،بابا بہار شاہ قدیمی قبرستان کی ابتر صورت حال پر ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار درخواستیں دینے کے باجود عملدرآمد نہیں ہو سکا ،شہری اپنی مدد آپ کے تحت قبرستان کے کام کروانے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے مزید کہا کہ عرصہ 40سال سے رائے ونڈ شہر کے تمام قبرستانوں کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا ہے ،حکومتی سطح پر شہریوں کو سوائے طفل تسلیوں کے کچھ نہیں ملا ،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے رائے ونڈ کے قبرستانوں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔