مردان،پہاڑیوں سے 4 افراد کی ذبح شدہ لاشیں برآمد

اتوار 22 جون 2025 15:05

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)خیبرپختونخوا کے شہر مردان کی تحصیل کتلان کے علاقے بابوزئی کی پہاڑیوں سے 4 افراد کی ذبح شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں پوسٹ مارٹم کیلئے کتلان ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیس اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مقامی نوجوان شامل ہے جب کہ باقی 3 افراد کا تعلق صوبے کے مختلف اضلاع سے ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بیزئی تھانے کی حدود میں پیش آیا جب مقامی لوگوں نے بابوزئی کی پہاڑیوں میں لاشیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، لاشوں کو تحویل میں لے کر ہستال منتقل کردیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ مقامی نوجوان کو 4 روز قبل نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا۔

(جاری ہے)

مقامی جاں بحق نوجوان کی شناخت حامد غفور ولد رحم غفور کے نام سے ہوئی جو بابوزئی کا رہائشی اور ایک کرشنگ پلانٹ کا مالک تھا،دیگر جاں بحق افراد میں زبیر آفریدی ولد فضل اکبر ساکنہ باڑہ، شفق احمد ولد زر محمد ساکنہ ہری پور، اور شہاب الدین ولد محمد دین ساکنہ دیر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقتولین کو 2 سے 3 روز قبل قتل کیا گیا اور ان کی لاشیں پہاڑی علاقے میں پھینک دی گئیں، لاشوں کی حالت انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے۔ضلعی پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے جب کہ پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے نامعلوم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق بابوزئی کا پہاڑی علاقہ ضلع بونیر سے ملتا ہے اور یہاں مشتبہ شدت پسندوں کی موجودگی کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کئی آپریشنز کر چکی ہیں۔