قومی کیڈٹ جونیئر کراٹے چیمپین شپ ،مرد و خواتین کے مقابلے پاکستان آرمی کی فتح کیساتھ اختتام پذیر

مردوں کے جونیئر مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی

اتوار 22 جون 2025 15:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) ایبٹ آباد میں منعقدہ چھٹی قومی کیڈٹ جونیئر کراٹے چیمپین شپ کے مرد و خواتین کے مقابلے پاکستان آرمی کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ،مردوں کے جونیئر مقابلوں میں پاکستان واپڈا نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ جونیئر کیڈٹ خواتین مقابلوں میں سندھ کی ٹیم دوسرے اور بلوچستان کی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی۔

ایبٹ آباد کے پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون میں منعقدہ جونیئر کیڈٹ چیمپین شپ کے تیسرے روز جونیئر کیٹیگریز کے بقیہ مقابلے منعقد ہوئے۔ مردوں کے 55 کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں پاکستان واپڈا کے میر وائز خان نے سونے پنجاب کے داؤد سہیل نے چاندی سندھ کے سید باریز عرفان اور بلوچستان کے امان خان نے مشترکہ طور پر کانسی کا تمغہ حاصل کیا اسی طرح 68 کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں بھی میدان پاکستان واپڈا کے ہاتھ رہا واپڈا کے میر حمزہ کاسی نے اس کیٹیگری میں اپنی ٹیم کیلئے سونے کا تمغہ جیتا پنجاب کے ایان سہیل نے چاندی بلوچستان کے بریال خان اور سندھ کے عبید احمد مشترکہ طور پر کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ گزشتہ روز 52 کلوگرام سے کم میں پنجاب کے حسنین یوسف اور 57 کلوگرام میں سندھ کے بلاول علی چانڈیو نے اپنی اپنی ٹیم کیلئے سونے کے تمغے جیتے تھے،اسی طرح خواتین کے جونیئر کیڈٹ مقابلوں میں تیسرے روز مزید دو کیٹیگریز کا فیصلہ ہوا جس میں پاکستان آرمی کی ٹیم مکمل طور پر ان مقابلوں میں چھائی نظر آئی۔

(جاری ہے)

پاکستان آرمی کی ہانیہ نقیب نے 53 کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں سونے کا تمغہ جیتا جبکہ اسلام آباد کی عائشہ خان کے حصے میں چاندی اور بلوچستان کی بارا اور سندھ کی فریحہ غفران کانسی کے تمغے حاصل کرنے میں سرخرو قرار پائیں جبکہ 66 کلوگرام سے کم ویٹ کیٹیگری میں بھی میدان پاکستان آرمی کی سائرہ بتول کے ہاتھ رہا جنہوں نے اپنی ٹیم کو مایوس نہیں کیا اور سونے کا تمغہ اپنے نام کیا پنجاب کی نازش ندیم اس کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں ۔

سندھ کی عائشہ کاشف اور بلوچستان کی امانہ ولی کانسی کے تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں ،مجموعی طور پر مردوں کے جونیئر کیڈٹ مقابلوں میں پاکستان آرمی نے تین سونے اور ایک کانسی کے تمغوں کے ساتھ پہلی پاکستان واپڈا نے دو سونے دو چاندی اور ایک کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسری سندھ نے دو سونے اور پانچ کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پنجاب نے ایک سونے تین چاندی اور ایک کانسی کے تمغوں کے ساتھ چوتھی بلوچستان نے ایک چاندی اور چھ کانسی کے تمغوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی ۔

کے پی کے کے حصے میں ایک چاندی اور ایک کانسی کا جبکہ اسلام آباد کے حصے میں بھی ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ آیا اسی طرح خواتین کے جونیئر کیڈٹ مقابلوں میں پاکستان آرمی کی ٹیم مجموعی طور پر تین سونے اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کر کے خواتین مقابلوں کی بھی چیمپین قرار پائی ۔سندھ نے خواتین مقابلوں میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور ایک سونے اور دو کانسی کے تمغے جیتنے میں وہ کامیاب رہیں ۔

بلوچستان نے خواتین مقابلوں میں ایک چاندی اور تین کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔پنجاب کے حصے میں ایک چاندی اور ایک کانسی جبکہ کے پی کے اور اسلام آباد کی کھلاڑی ایک ایک چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ خواتین کے ان جونیئر مقابلوں میں پاکستان واپڈا کی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کردگی نہ دکھا سکیں اور صرف ایک کانسی کا تمغہ ان کے حصے میں آیا اور یوں یہ جونیئر چھٹی جونیئر کیڈٹ کراٹے چیمپین شپ پاکستانی آرمی کی ٹیم کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔