اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت

اتوار 22 جون 2025 20:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء)سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے ایٹمی تنصیبات پر بلااشتعال حملے کو ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قوانین کی صریح اور سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ایران پہلے ہی اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھائیں گی بلکہ عالمی امن کو بھی سنگین خطرات لاحق ہوں گے۔بابر سلیم سواتی نے کہا کہ ہم ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس جارحیت کا نوٹس لے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں کو محض خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے بلکہ عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔