مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر ایران کو دھوکہ دیا گیا ہے،الطاف شکور

امریکہ اور اسرائیل طاقت کے نشے میں اندھے ہو چکے ہیں، امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ حملے سے جوہری تابکاری کا خطرہ بڑھ گیا ہے

اتوار 22 جون 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ حملے سے جوہری تابکاری کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر ایران کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ ایران کا ایٹمی پروگرام ایک بہانہ تھا۔ بین الاقوامی ایٹمی توانائی کی ایجنسی پہلے ہی اس کی تصدیق کر چکی ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پُر امن مقا صد کے لئے ہے۔

امریکی عوام پہلے ہی جنگ کو مسترد کر چکے ہیں لیکن ان کی قیادت صیہونیوں کی یرغمال ہے۔ امریکہ اور اسرائیل طاقت کے نشے میں اندھے ہو چکے ہیں۔ایران ڈٹ کر امریکہ اور اسرائیل کے سامنے کھڑا رہے۔ یہ دونوں ہی لمبی ریس کے گھوڑے نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ایک مرتبہ پھر امریکہ نے مسلمانوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ باری باری سب کی باری آ رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ روس اور چین بھی امریکہ کے آگے بے بس ہیں یا پھر ان کے معاشی مفادات مسلمانوں سے زیادہ مغرب سے وابستہ ہیں۔

اسرائیل نے سودی نظام اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پوری دنیا کو اپنے شکنجے میں کس لیا ہے۔ امریکہ نصف صدی سے مسلمانوں کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے۔ اقتدار کی تبدیلی امریک اور اسرائیل کا شرمناک ایجنڈا ہے اور آزاد ممالک کے منہ پر طمانچہ ہے۔ امریکہ طاقت کے نشے میں بدمست ہاتھی بن کر اسلامی دنیا کو روند رہا ہے۔ اس ہاتھی کے پاؤں میں مغرب کا پاؤں بھی شامل ہے اور مہاوت اسرائیل بنا ہوا ہے۔

پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میتنگ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ طاقتوروں کی اس دنیا میں، مسلمانوں کی حیثیت بھیڑ بکریوں سے زیادہ نہیں ہے۔ مسلم ممالک روس اور چین کے ساتھ مل کر اپنا بلاک بنائیں۔ پاکستانی عوام دل سے ایران کے ساتھ ہے۔ مسلمان تعلیم اورٹیکنالوجی پر توجہ دیں۔ اس کے بغیر اقوام عالم میں بے حیثیت رہیں گے۔

امت مسلمہ کا اتحاد صحیح سمت میں پہلا قدم ہوگا۔ مسلم ممالک خوشامد و چاپلوسی اور سیاسی و ذاتی رشوت کے ذریعے امریکہ سے عافیت کی بھیک مانگتے ہیں۔ مسلمان خشیت الٰہی اور عمل صالح کا سہارا لیں۔ اپنے قوت بازو سے اقوام عالم میں مقام بنائیں۔ کمزوروں کے لئے دنیا میں ذلت کے سوا کچھ نہیں ہے۔ مسلمانوں نے صنعتی انقلاب کے پانچوں ادوار سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔ صنعتی ترقی کو اپنا کر مسلمان آگے بڑھیں۔ نئے ہجری سال کے آغاز پر ایرانی حکومت امت مسلمہ کے دل جیتنے کے اقدامات کرے کیونکہ اسرائیل پر ایرانی حملہ نے مسلم امہ کے دلوں میں کافی حد تک نرم گوشہ پیدا کر دیا ہے۔