مقامی پرندوں کی بقا ،امریکی جزیرے ہوائی کے جنگلوں میں ڈرونز کے ذریعے مچھرچھوڑنے کا عمل شروع

پیر 23 جون 2025 10:00

ہوائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) امریکا کے جزیرے ہوائی کے دور دراز علاقوں اور گھنے جنگلات میں مقامی پرندوں کی بقا کے لیے ڈرونز کے ذریعے بڑی تعداد میں مچھر گرائے جا رہے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے جزیرہ ہوائی میں رنگ برنگے گانے والے مقامی پرندے جنہیں ’ہنی کریپرز‘ کو معدومی سے بچانے کے لیے گھنے جنگلوں میں ڈرونز کے ذریعے بڑی تعداد میں مچھرچھوڑنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان پرندوں کی بقا کو سب سے بڑا خطرہ ایک بیماری ایویئن ملیریاسے ہے جو بیرونی حملہ آور مچھروں کے ذریعے پھیلتی ہے تاہم ان پرندوں کو بچانے کے لیے اس نئے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔اس منصوبے کے تحت ڈرونز کے ذریعے ایسے نر مچھر جنگلات میں چھوڑے جا رہے ہیں جو تجربہ گاہ میں تیار کیے گئے ہیں، یہ مچھر نہ صرف کاٹنے کے قابل نہیں بلکہ ان میں ایک خاص جراثیم شامل کیا گیا ہے جو مچھروں کی افزائش نسل کو متاثر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر ان مچھروں کو مسلسل اُن علاقوں میں چھوڑا جائے جہاں پرندے رہتے ہیں اور ملیریا تیزی سے پھیل رہا ہے تو حملہ آور مچھروں کی آبادی میں کمی آئے گی اور بیماری کا دائرہ محدود ہو جائے گا۔یہ منصوبہ’ پرندےمچھر نہیں‘ نامی اتحاد کے زیرِانتظام جاری ہے جس میں کئی فلاحی تنظیمیں شامل ہیں جو ہوائی کے مقامی پرندوں کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :