چوہدری فواد حسین کی عبوری ضمانت میں8 اگست تک توسیع

پیر 23 جون 2025 12:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے جلائوگھیرائوکے الزام میں درج 5 مقدمات میں سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کردی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر عبوری ضمانت کیس میں فریقین کے وکلا سے دلائل طلب کرلئے ۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ پیر کو سماعت پر عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی ۔عدالت نےچوہدری فواد حسین کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو دلائل کے لئے طلب کرلیا ۔