ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرے،جرمنی

پیر 23 جون 2025 12:32

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات جرمن چانسلر فریڈرک مرز کے ترجمان سٹیفن کورنیلیس نے گزشتہ روز ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد جاری ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ایران کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ فوری طور پر مذاکرات شروع کرکے تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرنا چاہیے۔

کورنیلیس نے کہا کہ جرمن حکومت کا خیال ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے بڑے حصوں کو فضائی حملوں سے نقصان پہنچا ۔ ادھر،جرمن وزیر خارجہ جوہان وڈے فل نے گزشتہ روز کہا کہ کوئی نہیں سوچتا کہ لڑتے رہنا اچھی بات ہے، جرمن حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہےگی کہ سنجیدہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازعہ بات چیت کے ذریعے حل ہونا چاہیے، میرے خیال میں ہر کوئی اس کے لئے تیار بھی ہے۔

علاوہ ازیں، جرمن وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے کہا کہ واشنگٹن نے ٹھوس خطرے کے جواب میں خطے میں ذمہ داری قبول کی ،یہاں جو چیز اہم ہے وہ یہ کہ بڑا خطرہ ختم ہو گیا ہے، میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ مشرق وسطیٰ اور یورپ کے لئے اچھی خبر ہے۔