ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیر آباد کی زیر صدارت اجلاس،ووٹ رجسٹریشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

پیر 23 جون 2025 14:31

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر شہید بینظیر آباد محمد یوسف مجیدانو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محمد سلیم بھٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فوزیہ حسن مستوئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن آصف خٹک، انچارج وومین کمپلینٹ سیل زیب النسا، ماسٹر ٹرینر فرحانہ ناز صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن جاوید ملاح، اسسٹنٹ پروفیسر عبید اللہ ماچھی، سپرنٹنڈنٹ نادرا سکندر علی، مسرور میمن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس نے مختلف محکموں کے تعاون سے عوام بالخصوص نوجوانوں کو ووٹ کی رجسٹریشن، اندراج اور استعمال کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے ضلع کے مختلف سرکاری محکموں اور تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا ۔

(جاری ہے)

نادرا کے تعاون سے رجسٹریشن موبائل وین کے تحت مختلف علاقوں میں لوگوں کو قومی شناختی کارڈ بنانے کے لیے کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں متعدد افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پر قومی شناختی کارڈ بناکر دیے گئے ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کمیٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ الیکشن کمیشن پاکستان کا ساتھ دیں اور اپنے علاقوں کے لوگوں بالخصوص پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو ووٹ کی رجسٹریشن، اندراج اور استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران نے ووٹ رجسٹریشن کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔