ایران اور اسرائیل جنگ کے پھیلائو کو روکنے کے لیے کشیدگی کم کریں، چین

پیر 23 جون 2025 15:15

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) چین نے ایران اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ کے پھیلائو کو روکنے کے لیے کشیدگی کم کریں۔ اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو بیان میں کہا ہے کہ چین تنازع کے فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ صورتحال کو بار بار بڑھنے سے روکیں، جنگ کے پھیلاؤ سے پرہیز کریں اور سیاسی حل کے راستے پر واپس آئیں۔

(جاری ہے)

چین نے کہا کہ خلیج فارس اور ارد گرد کےپانیوں میں اہم بین الاقوامی تجارتی راستے ہیں لہذا بین الاقوامی برادری کو ایران اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کو عالمی معیشت پر اثر انداز ہونے سے روکنے کے لئے مزید کچھ کرنا چاہیے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفادات میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کرنے اور علاقائی عدم استحکام کو عالمی اقتصادی ترقی پر زیادہ اثر ڈالنے سے روکنے کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرے۔