آل پاکستان چیف منسٹر فٹبال ٹورنامنٹ صوبے کی کھیلوں کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان

پیر 23 جون 2025 16:17

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ آل پاکستان چیف منسٹر فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا جو صوبے کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ انہوں نے سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ مرحلہ وار ہوگا، پہلے ضلع اور پھر ڈویژن کی سطح پر مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جس کے بعد صوبائی سطح پر فائنل رائو نڈ کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 25 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، جس سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب ملے گی۔صوبائی مشیر نے کہا کہ خواتین کے لیے کھیلوں کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے چیف منسٹر ویمن ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز بھی جلدکیا جا ئے گا، اس اقدام کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا اور انہیں کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے ترغیب دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 33 مختلف کھیلوں کو شامل کیا جائے گا۔ بلوچستان بھر کے نوجوانوں کو ان گیمز کے ذریعے اپنی صلاحیتیں دکھانے اور مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ کھیل نوجوانوں کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں اور اس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے بلکہ یہ بلوچستان کا بہتر امیج بھی دنیا کے سامنے پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا ئےگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے اور کھیلوں کے میدان میں صوبے کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر لایا جا سکے۔