Live Updates

کشمیری ایران کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے خولہ خان

ایران کے خلاف جاری جارحیت سے کشیدگی اور تشدد میں بے مثال اضافہ ہوا ہے

پیر 23 جون 2025 21:05

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)چیئرپرسن خان آف منگ فاؤنڈیشن خولہ خان نے امریکہ کی طرف سے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حملہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ حملے اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت کے تسلسل میں کیے گئے ہیں جن پر مجھے نہایت گہری تشویش ہے۔

مجھ سمیت ہر کشمیری ایران کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے میری پوری امت مسلمہ سے اپیل ہے کہ وہ ایران کی کامیابی وکامرانی کے لئے خصوصی دعا کریں ساتھ ہی میں پوری دنیا کے مسلمان ممالک سے کہتی ہوں وہ ایران کے ساتھ کھڑے ہوں اور امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں۔انھوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جارحیت سے کشیدگی اور تشدد میں بے مثال اضافہ ہوا ہے،مزید کشیدگی پورے خطے اور دنیا پر سنگین اثرات ڈالیگی،شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کویقینی بنانا ناگزیر ہے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی شکست پر امریکہ کا ایران اسرائیل جنگ میں شامل ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا اس طرح کے حملے عالمی جارحیت کے زمرے میں آتے ہیں جو عالمی امن کے لئے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے جارحیت کی جس کے جواب میں ایران نے اپنے دفاع کے لئے اسرائیل پر جوابی کارروائی کی۔انہوں نے امریکی حملوں کو بین الاقوامی امن کے لئے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے تحت ایران اسرائیل جنگ کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر اس جنگ کے منفی اثرات بنی نوع انسانیت پر پڑیں گے جس کا بعد میں کوئی مداوا نہیں ہوسکے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات