Live Updates

اسرائیل کا فردو جوہری مرکز پر نیا حملہ، تہران میں بجلی کی تنصیب اور جیل کو بھی نشانہ بنایا

پیر 23 جون 2025 20:25

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)اسرائیلی فوج نے تہران کے قریب امریکی حملے کا نشانہ بننے والی فردو جوہری تنصیب پر نیا حملہ کیا ہے جبکہ تہران میں بجلی کی تنصیب اور جیل کو بھی نشانہ بنایا گیا ، صہیونی فوج نے ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں واقع کم از کم 6 ہوائی اڈوں پر فضائی حملوں کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی فوج نے صوبہ لورستان میں جدید اسرائیلی ڈرون مار گرایا۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے نے صوبہ قم کی کرائسس مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فردو جوہری مرکز پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔الجزیرہ کی جانب سے تصدیق شدہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایران کے دارالحکومت کے اٴْن علاقوں میں جہاں متعدد اسرائیلی حملوں کی اطلاعات ہیں، دھوئیں کے بڑے بڑے بادل بلند ہو رہے ہیں،اس سے قبل، الجزیرہ نے اطلاع دی تھی کہ شہر کے شمالی حصے میں کم از کم تین بڑے فضائی حملے کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کے مطابق تہران کے شمالی علاقے ایوین میں ایک بجلی کی فراہمی کا نظام (فیڈر) حملے کی زد میں آیا ہے، تاہم دارالحکومت میں کسی بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کی اطلاع نہیں ہے، خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر کے مطابق اسرائیلی فوج نے تہران میں بسیج ہیڈکوارٹر اور ایوین جیل کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تہران کی ایوین جیل میں قید افراد کے اہلِ خانہ کو مطمئن رہنا چاہیے کہ وہ محفوظ ہیں، رپورٹ میں جیل کے داخلی دروازے پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شیئر کی گئی ہے۔اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی افواج تہران میں حکومتی اداروں کو نشانہ بناتے ہوئے پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے حملے کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج تہران کے قلب میں حکومت کے اہداف اور ریاستی اداروں پر بے مثال طاقت کے ساتھ حملے کر رہی ہے۔الجزیرہ کے مطابق ایکس پر جاری کردہ بیان میں اسرائیل نے کہا کہ ان حملوں میں ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے ایران کے 15 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو تباہ کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں میں رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ ون طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ’فضائیہ نے ان ہوائی اڈوں سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کے آپریشن کو متاثر کیا ہے‘۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات