Live Updates

گلگت بلتستان اسمبلی کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت ،ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

پیر 23 جون 2025 22:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے ایران پر اسرائیلی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متفقہ مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین نے قرارداد پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ "گلگت بلتستان کے عوام ایران کی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

اسرائیل کا یہ اقدام مشرقِ وسطیٰ اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔" قرارداد میں اسرائیل کو "عالمی امن دشمن" قرار دیا گیا اور عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو فوری روکے۔ وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان نے اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مسلم ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو فوری مداخلت کر کے اسرائیل کو لگام دینا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی جانب سے ایران کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اعادہ کیا۔ قرارداد میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیل کو مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی چھوٹ دی جا رہی ہے، جس نے خطے میں جنگ کے خطرات بڑھا دیے ہیں۔ اسمبلی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے کیونکہ یہ پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات