Live Updates

آسٹریلیا کا ایران پر امریکی حملے کی حمایت کا اعلان، کشیدگی کم کرنے پر زور

منگل 24 جون 2025 02:50

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ کینبرا نے ایران پر امریکا کے حملے کی حمایت کی ہے تاہم انہوں نے کشیدگی کم کرنے اور سفارت کاری کی جانب واپسی پر زور دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق انتھونی البانیز نے کینبرا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دنیا کافی عرصے سے اس بات پر متفق ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور ہم اس کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’معلومات واضح رہی ہیں کہ ایران نے یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کیا ہے، اور اس درجے کی افزودگی کی کوئی اور توجیہ ممکن نہیں، سوائے اس کے کہ یہ کوئی ایسا پروگرام ہے جو سویلین نیوکلیئر پاور سے متعلق نہیں ہے‘۔

(جاری ہے)

انتھونی البانیز نے کہا کہ اگر ایران ان بالکل معقول مطالبات پر عمل کرتا، جنہیں آئی اے ای اے سمیت کئی اداروں نے پیش کیا، تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔

ٹی وی اور ریڈیو انٹرویوز کی ایک سیریز میں، آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ یہ حملہ امریکا کا یکطرفہ اقدام تھا، جو آسٹریلیا کا سیکیورٹی اتحادی ہے اور آسٹریلیا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے اس مطالبے میں شریک ہے کہ ایران دوبارہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔پینی وونگ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ ہم اس اقدام کی حمایت کرتے ہیں جو امریکا نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے کیا‘، انہوں نے کینبرا میں صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات