اسرائیلی ایجنٹوں کی ایرانی حکام کو براہِ راست فون کالز

فون کالز پر ایجنٹوں نے سپریم لیڈر کی حمایت ترک کرنے کا مطالبہ کیا،رپورٹ

منگل 24 جون 2025 15:05

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں نے ایرانی حکومت کو کمزور کرنے اور اس کے اندر تقسیم پیدا کرنے کیلیے خفیہ مہم شروع کردی ہے۔امریکی اخبارکی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی اداروں سے وابستہ فارسی بولنے والے ایجنٹس نے ایران کے اعلی حکام کو ان کے ذاتی موبائل نمبروں پر کالز کیں اور انہیں خبردار کیا کہ اگر انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی حکومت کی حمایت ترک نہ کی تو ان کی بھی موت یقینی ہے۔

رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی خفیہ اداروں کی جانب سے ایرانی فوجی حکام کو دھمکانے کی ایک آڈیو ریکارڈنگ موصول ہوئی ہے، جس میں ان سے ایرانی سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کی حمایت سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم 20 اعلی سطح کی ایرانی شخصیات کو اس نوعیت کی کالز موصول ہو چکی ہیں، جن کا مقصد تہران کی قیادت کو تقسیم اور الجھن میں مبتلا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایک سینئر ایرانی جنرل کو براہِ راست کال کر کے متنبہ کیا گیا کہ تمھارے پاس اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ فرار ہونے کے لیے 12 گھنٹے ہیں، ورنہ تم ہماری ہٹ لسٹ پر ہو۔امریکی اخبار کے مطابق یہ دھمکی 13 جون کو دی گئی تھی، اسی دن اسرائیلی فوج نے ایران پر حملے شروع کردیے تھے۔ریکارڈنگ میں ایک اسرائیلی اہلکار فارسی زبان میں جنرل سے کہتا ہے ہم تمہاری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہیں۔

اس بات کو ذہن نشین کر لو۔ مبینہ طور پر اسرائیلی ایجنٹ نے جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایرانی حکومت سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ایک ویڈیو بنائے اور اسے ٹیلیگرام پر ارسال کرے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔