فواد چوہدری پرعائد فردِ جرم کی کاپی کے حصول کیلئے دائردرخواستوں پرسماعت بدھ کو ہوگی

منگل 24 جون 2025 16:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے9 مئی کے فیصل آباد کے 4 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری پر عائد فردِ جرم کی کاپی کے حصول کےلئے دائر چاروں درخواستوں کو بدھ کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ فواد چوہدری کی جانب سے ایڈووکیٹ میاں علی حیدر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ فواد چوہدری پر 9 مئی کے چار مقدمات میں فردِ جرم عائد کی جا چکی ہے، تاہم فردِ جرم اور سپلیمنٹری بیان کی کاپیاں فراہم نہیں کی جا رہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فواد چوہدری کے خلاف موجود شواہد فراہم کئے جائیں اور فردِ جرم کی کاپیاں مہیا کی جائیں۔ مزید یہ کہ جب تک فردِ جرم کی کاپیاں فراہم نہ کی جائیں، اس وقت تک شہادتوں کے عمل کو روکا جائے۔