Live Updates

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ظفر اقبال جھگڑا کی ملاقات،ملکی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال سمیت بجٹ 2025ء پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 24 جون 2025 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق گورنرومرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ نون و سابق سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ حالات میں پارلیمان کے مؤثر کردار، جمہوری استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت ایک متوازن، عوام دوست اور ترقیاتی بجٹ پیش کیا ہے، جس میں بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ معاشی خودکفالت، شفافیت اور کفایت شعاری کے اصولوں پر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلوچستان، سابق فاٹا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع اور سیکیورٹی کی بہتری کے لیے خصوصی پیکجز ترتیب دیے جانے چاہئیں۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی، قومی یکجہتی اور امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ ملاقات میں موجودہ قومی و علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و سلامتی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پارلیمان ملکی پالیسی سازی میں ایک فعال اور کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، اور تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا وقت کی ضرورت ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات