پارلیمانی سفارتکاری کا کامیاب دورہ مکمل کرکے وطن واپسی،عامر عبدالغفار لون کا بلاول بھٹو کوخراج تحسین

منگل 24 جون 2025 17:52

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمانی سفارتکاری کا کامیاب دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچنے پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین کیا ہے۔انھوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ بین الاقوامی دورہ پاکستان کی پارلیمانی سفارتکاری کیلئے اہم سنگِ میل قرار دیا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور حقیقی تشخص اُجاگر کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا،جو قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو جرات، حکمت اور بصیرت کے ساتھ اُجاگر کیا،جس سے پاکستان کا وقار بلند ہوا اور عالمی سطح پر مثبت تاثر قائم ہوا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کردار نہ صرف پاکستان کی خارجہ پالیسی کے فروغ میں اہم رہا ہے بلکہ انہوں نے ایک بااعتماد سفارتکار کے طور پر ملک کی نمائندگی کی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے نوجوان رہنماوں پر فخر ہے جو بین الاقوامی سطح پر قوم کی ترجمانی کے فرائض نہایت ذمہ داری سے سر انجام دیتے ہیں۔انھوں نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور انکی کامیابیوں کے تسلسل کیلئے دُعا کی۔