Live Updates

اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

منگل 24 جون 2025 21:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے ، جنگ سے دونوں ممالک کا نقصان ہوا ہے اور اب دونوں فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی مزید اقدام سے پرہیز کرنا چاہیے، یہ جنگ بندی مستقل ہونی چاہیے تاکہ خطے میں مستقل اور پائیدار امن قائم ہو سکے۔

منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل جنگ نے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اور اس جنگ کے اثرات سے مشرق وسطیٰ سمیت پورا جنوبی ایشیاء متاثر ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا ہونا خطے کے امن کے لئے ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اور تمام معاملات مذاکرات کی میز پر ہی حل ہونے چاہیں ۔

(جاری ہے)

سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس جنگ کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین ہے کیونکہ اسرائیل نے فلسطینیوں پر بمباری کر کے بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا اور یہاں تک کہ جنگ سے متاثرہ فلسطینیوں کے کیمپوں تک کھانے پینے کی اشیاء کی رسائی بھی ممکن نہیں ہے جس سے فلسطین میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے بالخصوص وہاں پر بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو خوراک اور ادوویات کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے ایک بڑےانسانی المیہ کے جنم لینے کا خدشہ ہے، لہذا اب یہ مناسب اور صحیح وقت ہے کہ فلسطین کے عوام کو بھی آزادی کی نعمت سے سرفرا ز کیا جائے تاکہ مشرق وسطیٰ میں ایک دیرپا اور پائیدار امن قائم ہو سکے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات