سوات،گوگدرہ میں موٹرکار اور بس میں خوفناک تصادم،3افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی

منگل 24 جون 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)سوات کے علاقے گوگدرہ میں موٹرکار اور ڈائیو بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد فضل رحیم کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مینگورہ سے پشاور جانے والی ڈائیو بس گاڑی اور بونیر سے مینگورہ جانے والی کار کے مابین تصادم ہوگیا۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں موٹر کار میں سوار تین افرادالطاف الرحمان ولد بادشاہ گل، یاسر ولد امیر عبداللہ اور فدا محمد ولد نامعلوم ساکنان دیوانہ بابا ضلع بونیر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص خلیل زادہ ولد وکیل سید ساکن گاگرہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔جاں بحق اور زخمی شخص کوسیدوٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ رحیم آباد موقع پر پہنچ گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مطابق موٹر کار تیزرفتاری کے باعث سڑک پار کرتی بچی کو بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والی ڈائیو گاڑی سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی ہے۔