سرجہانگیر کاؤس جی سائیکاٹری ہسپتال میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے آر او پلانٹ کا افتتاح

منگل 24 جون 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) ہینڈز ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تعاون سے سرجہانگیر کاؤس جی سائیکاٹری (مینٹل) ہسپتال میں جدید آر او (ریورس آسموسس) پلانٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ یہ پلانٹ روزانہ پانچ ہزار لیٹر پانی کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں جراثیم کش نظام بھی شامل ہے، جو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

سرجہانگیر کاؤس جی ہسپتال میں اس وقت 12 وارڈز قائم ہیں، جہاں لگ بھگ 500 مرد و خواتین دماغی مریض زیرِ علاج ہیں، جو طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم چلے آ رہے تھے۔ ہینڈز کی جانب سے لگائے گئے اس آر او پلانٹ سے اب ہر وارڈ میں صاف پانی دستیاب ہوگا۔ تقریب میں ہینڈز کے نمائندے شیخ تنویر احمد، وسیم شاہ، غوث پیرزادہ، ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نثار سوہو، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ، ڈپٹی ڈی جی ہیلتھ آفتاب عباسی، مہران یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب مہیسر، الف آرگنائزیشن کی مریم محمد علی، سول سوسائٹی کے نمائندگان، سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ تنویر احمد نے کہا کہ دماغی امراض میں مبتلا افراد کی خدمت عین عبادت اور ان کے لیے صاف پانی کی فراہمی ایک احسن قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نادار افراد جو برسوں سے یہاں زیرِ علاج ہیں، ان کی دیکھ بھال ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ہینڈز کے نمائندہ حمید ڈیپلائی نے بتایا کہ ہینڈز پاکستان کے مختلف اضلاع میں 20 سے زائد آر او پلانٹس نصب کر چکی ہے، جہاں ہزاروں افراد روزانہ صاف پانی سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مزید علاقوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ ریجنل مینیجر عبدالرزاق عمرانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہینڈز کا سفر پاکستان میں گزشتہ 44 برس سے جاری ہے اور ادارہ 2004ء سے حیدرآباد میں صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس وقت ہینڈز پاکستان کے 43 اضلاع میں فعال ہے۔