۔مشیر بلدیات بلوچستان کا کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

منگل 24 جون 2025 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء)مشیر بلدیات بلوچستان نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر مشیر بلدیات نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے ایرانی پیٹرول کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سخت کارروائیوں کے باوجود ہزار گنجی ڈپو سے تیل کی فراہمی تشویشناک امر ہے، جس کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہر بھر میں قائم تمام منی پیٹرول پمپ فوری طور پر سیل کریں اور گنجان آباد علاقوں میں موجود ایرانی پیٹرول کے تنصیبات کو ضبط کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہاکہ کسی کو بھی شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مغربی بائی پاس واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انھیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔