Live Updates

خیبرپختونخوااسمبلی اجلاس،کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی

اجلاس میں اپوزیشن اراکین کابجٹ اورصوبے میں امن وآمان کی صورتحال پر بحث،حکومت پر شدید تنقید

منگل 24 جون 2025 21:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)خیبرپختونخوا اسمبلی کااجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے آج دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔منگل کے روز سپیکر صوبائی اسمبلی بابرسلیم کی صدارت میں اسمبلی اجلاس تاخیر سے شروع ہوا،اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے بجٹ اورصوبے میں امن وآمان کی صورتحال پر بحث کی اورحکومت پر شدید تنقید کی۔اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی کاکہنا تھا کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی سیاہ تاریخ میں گنا جائے گا، اپوزیشن کی آواز کو دبایاگیا، سرکاری ملازمین اپنے حق میں احتجاج کر رہے تھے ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور شیلنگ کی گئی۔

جس طرح زیادتی کی گئی اس طرح کی صوبائی حکومت کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں 12 کڑوڑ روپے کے بسکٹ جب پی ٹی آئی کارکنوں کو کھلائے جائیں گے تو سرپلس بجٹ تو آئیگا۔

(جاری ہے)

اے این پی کے ممبر صوبائی اسمبلی نثار باز کا کاکہنا تھا کہ اے این پی صوبے میں بدامنی کے خلاف کھڑی رہی ہے، پنجاب میں کیوں امن پے اور خیبرپختونخوا میں کیوں بدامنی ہے۔

ہم نہیں چاہتے کہ پنجاب میں بدامنی ہو لیکن ہم ان سب باتوں کو سمجھتے ہیں، 2013 انتخابات میں الیکشن کے دوران ہم پر دھماکے ہوئے۔ ایسی حالت میں ہم نے الیکشن لڑا،باجوہ یا فیض حمید جو بھی پولیٹیکل انجینئرنگ کرتے ہیں ہم ان کے خلاف ہیں، ہم غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری کوئی بات نہیں کرتے۔ باجوڑ کے بلدیات محکمہ میں 24 کروڑ کی کرپشن کی گئی اس کے لئے حکومت اور اینٹی کرپشن محکمہ کیا کر رہے ہیں، کرپشن کی روک تھام اگر نہیں کر سکتے تو اتنی بڑی تنخواہیں کیوں لیتے ہیں۔اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جلال خان نے کورم کی نشاہدہی کی ، کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس آج دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات