Live Updates

ایرانی جوہری تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں، ابتدائی امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف

امریکی فوج کی طرف سے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملے کیے گئے تاہم یہ حملے ایران کے جوہری پروگرام کے بنیادی اجزاء کو تباہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے؛ سی این این ذرائع کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 11:35

ایرانی جوہری تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں، ابتدائی امریکی انٹیلی جنس ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) امریکہ کی ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ حملے میں ایرانی جوہری تنصیبات مکمل تباہ نہیں ہوئیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکہ کے حملوں کے نتیجے میں ایران کی جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئئں بلکہ تہران کا ایٹمی پروگرام چند ماہ پیچھے گیا ہے۔

امریکی ڈیفنس انٹیلیجنس ایجنسی کے ابتدائی جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ امریکی فوج کی طرف سے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملے کیے گئے تاہم یہ حملے ایران کے جوہری پروگرام کے بنیادی اجزاء کو تباہ کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور ان حملوں کے نتیجے میں ایران کا جوہری پروگرام صرف چند ماہ پیچھے چلا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جائزہ امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) نے تیار کیا ہے، یہ رپورٹ امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے حملوں کے بعد کیے گئے جنگی نقصان کے تجزیے کی بنیاد پر مرتب کی گئی، تاہم ایرانی جوہری تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان اور اس کے طویل المدتی اثرات کا جائزہ ابھی جاری ہے اور مزید معلومات آنے پر یہ نتائج تبدیل ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ سے آگاہ 2 افراد کے حوالے معلوم ہوا ہے کہ ایران کا افزودہ یورینیم کا ذخیرہ تباہ نہیں ہوا بلکہ سنٹری فیوجز بڑی حد تک صحیح سلامت ہیں، ڈی آئی اے کا اندازہ ہے کہ امریکہ نے ایران کے پروگرام کو شاید زیادہ سے زیادہ چند مہینوں کے لیے ہی پیچھے دھکیلا ہے۔ ادھر ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بھی ہم نے اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے ہیں اور ابتدائی طور پر ان حملوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں ،ہم نے تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کے منصوبے پہلے سے تیار کرلیے تھے اور ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ پیداوار اور خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات