سرینگر،ہائیکورٹ کا بھارتی وزارت داخلہ کوملک بدر کی گئی خاتون کو پاکستان سے واپس لانے کی ہدایت

بدھ 25 جون 2025 19:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ہائی کورٹ نے بھارتی وزارت داخلہ کو ایک 63سالہ خاتون کو پاکستان سے واپس لانے کی ہدایت کی ہے جسے پہلگام حملے کے بعد ملک بدرکیاگیا تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ نے کیس کے حقائق اور حالات کی غیر معمولی نوعیت کو دیکھتے ہوئے یہ حکم جاری کیاکیونکہ درخواست گزار تقریبا چار دہائیوں سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مقیم تھیںاور طویل مدتی ویزا (LTV)رکھتی تھیں۔

ہائی کورٹ نے حکم کی تاریخ (6جون)سے دس دنوں کے اندر تعمیل کرنے کی ہدایت دی اور تعمیلی رپورٹ کے لیے کیس یکم جولائی تک ملتوی کر دیا۔جسٹس راہول بھارتی نے رخشندہ رشید نامی خاتون کی جانب سے اپنی بیٹی فلک ظہور کے ذریعے دائر کی گئی درخواست پر یہ ہدایت دی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے شوہر شیخ ظہور احمد نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان میں ان کی دیکھ بھال کے لیے ان کا کوئی نہیں ہے اور وہ متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں۔عدالت نے کہاانسانی حقوق انسانی زندگی کا سب سے مقدس جزو ہیں اور عدالت وزارت داخلہ کو انہیںواپس لانے کی ہدایت دے رہی ہے۔عدالت نے کہا کہ چونکہ اس کے پاس طویل مدتی ویزا تھا، اس لیے اس کی ملک بدری بلاجواز ہے اور اسے ملک بدری کے مناسب حکم کے بغیر ہی زبردستی نکال دیا گیا تھا۔