لورالائی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 25 جون 2025 22:15

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)لورالائی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو اشتہاریملزمان کو گرفتار کرلیاڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس لورالائی رینج ملک محمد سلیم لہڑی کی ہدایت اور ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان کے احکامات پر ایس ڈی پی او کلیم اللہ کاکڑ کی زیرنگرانی پولیس تھانہ شہید محمد اشرف ترین سٹی لورالائی کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کی۔

کارروائی کی قیادت انسپکٹر ظہیر جمالی نے کی جبکہ سب انسپکٹر عارف باتوزئی اور ان کی ٹیم نے اس میں عملی کردار ادا کیا۔یاد رہے کہ ایک سال قبل کلی پٹھان کوٹ میں محمد ایوب ولد نیلے خان سلیمانخیل کو ان کے قریبی رشتہ داروں نے قتل کر کے اسے حادثاتی موت قرار دے کر دفن کر دیا تھا۔ بعد ازاں مقتول کے ورثا نے پولیس کو درخواست دی اور باقاعدہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرایا جس سے یہ ثابت ہوا کہ محمد ایوب کی موت حادثہ نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت قتل تھی۔ جس پر پولیس نے مقدمہ نمبر 427/024 بجرم 302، 149، 147 درج کیا۔کارروائی کے دوران دو نامزد اشتہاری ملزمان نواب خان ولد خروٹی اور توران ولد نواب خان، قوم سلیمانخیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس ایس پی لورالائی احمد سلطان نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ لورالائی پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔