Live Updates

ڈیجیٹل میڈیا کیلئے فنڈز کی فراہمی خوش آئند، بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم کا حکومت سے بھرپور سرپرستی کا مطالبہ

بدھ 25 جون 2025 22:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) بلو چستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم نے صوبے میں ڈیجیٹل میڈیا ایڈوٹائزمنٹ کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے فنڈز مختص کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے صحافت اور ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔یہ بات کے صدر سید علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کہی گئی، جس میں بالاچ ساجدی (روزنامہ انتخاب )، ظفر اچکزئی (ڈیلی قدرت)، اور صادق مبلوچ (روزنامہ آزادی) نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس فیصلے کو سراہا گیا تاہم اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران محکمہ اطلاعات بلوچستان اس مد میں مختص فنڈز کو استعمال کرنے میں ناکام رہا، جس کے باعث بلوچستان میں ڈیجیٹل میڈیا شدید مالی بحران کا شکار ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت کی حمایت کے بغیر ڈیجیٹل میڈیا کو فروغ دینا ممکن نہیں اور پاکستان کی اصل تصویر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔

بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے کے پیش نظر اجلاس نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا ذاتی طور پر نوٹس لیں اور اس فنڈ کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بلوچستان کے مقامی ڈیجیٹل فورمز اور پبلشرز کی سرپرستی کی جائے تاکہ انہیں مالی اور ادارتی استحکام حاصل ہو سکے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ فنڈز کے استعمال میں لانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائے کیونکہ رواں مالی سال بھی مختص فنڈز کا ایک فیصد بھی استعمال نہیں کیا گیا تھا ‘ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ‘ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند‘چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ‘ سیکرٹری انفارمیشن عمران خان اور ڈی جی پی ا?ر نور کھیتران کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا ‘ بلو چستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم کے اجلاس میں تنظیم کے نئے ممبران کی درخواستوں پر غور کیا گیا اور متعدد درخواستوں کو منظور بھی کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات