Live Updates

خیبر پختونخوا کا بجٹ مشروط طور پر منظور کیا گیا ہے، بیرسٹر ڈاکٹرسیف

بجٹ کی منظوری کو عمران خان کو مائنس کرنے سے جوڑنا غلط ہے، مشیر اطلاعات

بدھ 25 جون 2025 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون2025ء)خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ مشروط طور پر منظور کیا گیا ہے،بجٹ کی منظوری کو عمران خان کو مائنس کرنے سے جوڑنا غلط ہے،تحریک انصاف عمران خان کے حکم کی پابند ہے، عمران خان کا ہر فیصلہ پارٹی قائدین کیلئے انتہائی قابلِ احترام ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے عمران خان کی ہدایت پر اُن سے ملاقات کے لیے اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کیا ہے اورامید ہے ان کی ملاقات جلد کرائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ملاقات کے بعد عمران خان کی ہدایات کے مطابق بجٹ میں ممکنہ رد و بدل کیا جائے گا۔بجٹ کی منظوری کا اقدام دراصل مخالفین کی سازشوں کو ناکام بنانا تھا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی تھی کہ بجٹ منظور نہ ہو تاکہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ کی جا سکے، اگر بجٹ منظور نہ کرتے تو اپوزیشن اپنے عزائم میں کامیاب ہو جاتی،عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کی ہدایات کی روشنی میں بجٹ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے۔ ہم کسی بھی وقت عمران خان کی ہدایت کے مطابق بجٹ میں رد و بدل کر سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان پی ٹی آئی کی روح ہے اس لیے عمران خان پارٹی سے کسی صورت مائنس نہیں کیا جاسکتا۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ گورنر ہاوس سازشوں کا جڑ بن چکا ہے جہاں فیصل کریم کنڈی کی نگرانی میں آئے روز صوبائی حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہے۔

بجٹ کے حوالے سے بھی گورنر ہاوس میں اپوزیشن جماعتوں کی سازشی بیٹھک منعقد ہوئی تھی جسے ناکام بنانے کے لئے بجٹ پاس کرنا پڑا۔ بجٹ کے حوالے سے عمران خان کو باقاعدہ طور پر اعتماد میں لیا ہے جیسے ہی وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی عمران خان سے ملاقات ہوجا ئے گی تو عمران خان کی ہدایات کے مطابق بجٹ میں تبدیلی کی جائیگی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی دو تہائی سے بھی زیادہ اکثریت ہے اس لئے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات