لاہور کو پاکستان کا پہلا ڈسٹ فری سٹی بنانے کے جامع پلان کی تیاری

بدھ 25 جون 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نور الامین مینگل نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرکادورہ کیااوراہم اجلاس کی صدارت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے جاری و مجوزہ منصوبوں بارے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایاگیاکہ لاہور کو پاکستان کا پہلا ڈسٹ فری سٹی بنانے کے جامع پلان کی تیاری کرلی گئی۔

ترقیاتی کاموں کے لیے تمام محکے ایک جیسے معیار اپنائیں گے۔کمرشل املاک کے باہری حصے کے ڈیزائن کے لیے بھی قانون سازی ہو گی۔اجلاس میں لاہور کو ڈسٹ فری سٹی بنانے کے لیے تعمیراتی ایس او پیز مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ نورالامین مینگل نے کہاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں ماحولیاتی پہلو کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ترقیاتی منصوبوں کا یونیفارم معیار ہونے سے پائیداری اور انتظام بہتر ہو سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ بے ڈھنگی، رنگ برنگی کمرشل املاک شہر کی خوبصورتی کو ماند کرتی ہیں۔لاہور میں پائیدار ترقی اور خوبصورتی کے لیے جامع پلان کے تحت کام کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ منظم ڈویلپمنٹ کے لیے تمام محکموں کو ایک جیسے سٹینڈرڈز اپنانے ہوں گے۔تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ماحول دوست اقدامات کو یقینی بنائیں۔ڈی جی ایل ڈی اے نے پراپرٹی ریکارڈ کی سفٹنگ، بلڈنگ پلان کی آن لائن منظوری پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پہلی دفعہ ریونیو جنریشن میں ریکارڈ 25 ارب کا ہندسہ عبور کیا۔

ایل ڈی اے کے تمام مینول نوٹسز ختم، ڈیجیٹل نوٹسز جاری کر رہے ہیں۔ طاہر فاروق نے کہاکہ اربوں روپے مالیت کی 990 کینال پراپرٹی کو واگزار کروایا گیا۔ڈیجیٹل مانیٹرنگ یونٹ سے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔اجلاس میں نیسپاک کی ٹیم نے ییلو لائن بس سروس منصوبے کے مجوزہ پلان بارے بریفنگ دی۔