شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

جمعرات 26 جون 2025 15:09

شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں بھارت پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے میں ناکام ہوگیا جس پر اس نے اعلامیے پر دستخط سے انکار کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چین کے مشرقی ساحلی شہر چنگ ڈاؤ میں منعقدہ اجلاس میں بھارتی وفد اعلامیے میں پاکستان کی مذمت کے لیے منتیں کرتا رہا تاہم رکن ملکوں کے وفود نے بھارتی موقف کی حمایت سے انکار کردیا۔

اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے۔بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ مشترکہ اعلامیہ دیکھ کر سخت تلملا گئے اور اس پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا نے بھی خبر دی ہے کہ وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے ایس سی او کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے پردستخط سے انکار کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ ایس سی او مشترکہ اعلامیے میںبلوچستان میں بدامنی میں بھارتی کردار کا ذکر کیا گیا ہے۔

پہلگام حملے سے پاکستان کو منسلک کرنے کے بھارتی الزامات کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مشترکہ اعلامیہ سے خارج کیے جانے کے بعد بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کانفرنس میں بلوچستان میں بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی پر پاکستان کے تحفظات کا اعتراف کیا گیا۔ 2001 میں قائم ہونے والی ایس سی او کا مقصد تعاون کے ذریعے علاقائی استحکام کو فروغ دینا ہے۔ اس وقت اس بلاک کے 10 رکن ممالک ہیں جن میں بیلاروس، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔